ممبئی،12جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین(اے آئی ایم آئی ایم)نے معروف اسلامی مبلغ ذاکر نائیک کے میڈیا ٹرائل کی آج تنقید کی۔اورنگ آباد سے اے آئی ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی پارٹی ملک کے قانون کا احترام کرتی ہے اور جب تک عدالت مناسب قانونی طریقہ کار کے بعد اپنا فیصلہ نہیں سنا دیتی، کسی کو بھی مجرم نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ذاکر نائیک پر حملے کرکے میڈیا، خاص طور پر کچھ قومی ٹی وی چینلز نے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے جبکہ نائیک کے خلاف ایک رسمی معاملہ ابھی درج کیا جانا باقی ہے،محض سنی سنائی باتوں پر میڈیا کسی کو بھی دہشت گردی کا حامی قرار نہیں دیاجا سکتا۔نائیک کا میڈیا ٹرائل بند ہونا چاہئے،جو بھی شخص ملک کا قانون توڑے، قانون کو اپنا کام کرنا چاہئے،اگر قانون کی خلاف ورزی کا کسی کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت ہے تواس کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جانی چاہئے۔